ڈیرہ غازی خان(نیوز ڈیسک)ڈیرہ غازی خان میں اسلحہ اسمگلرز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے پولیس سب انسپکٹر جاں بحق ہوگیا۔ادھر پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک ملزم مارا گیا اور دیگر فرار ہوگئے۔ جن کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد ہوا۔ضلع پولیس ترجمان کے مطابق تحصیل کوٹ چٹھہ کے علاقے نوتک میں ٹرک کے ذریعے اسلحہ اسمگلنگ کی خفیہ اطلاع پولیس کو ملی تھی ، جس پر تھانہ صدر کے ایس ایچ او سب انسپکٹر عمران نواز نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے مشتبہ ٹرک کا پیچھا کیا ، اس دوران ملزمان کی جانب سے فائرنگ کی گئی جس میں سب انسپکٹر عمران نواز جاں بحق ہوگئے۔پولیس کی بھاری نفری نے تعاقب کیا اور ملزمان پر فائرنگ کی۔جس سے ایک ملزم مارا گیا اور دیگر ٹرک چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ ٹرک میں سے 44 دستی بم ،25 مارٹر گولے ،5 ہزار کارتوس بر آمد کرلیے گئے۔ادھر شہید ایس ایچ او سب انسپکٹر عمران کی نماز جنازہ پولیس لائن میں ادا کی گئی۔نماز جنازہ میں اراکین اسمبلی ، پولیس کے اعلیٰ حکام سمیت علاقے کے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کی میت کو سلامی دی