لاہور( نیوز ڈیسک ) تحریک انصاف پنجاب کے سابق آرگنائزر چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ تخت لاہور کے حکمران بدعنوانی اور کرپشن کی دوڑ میں بھی سب آگے ہیں ،پنجاب میں بے رحم احتساب وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے ،(ن) لیگ کی نیت ٹھیک نہیں لگ رہی آزاد کشمیر میں عوام کے ووٹو ں کے تحفظ کیلئے فوج کی نگرانی میں انتخابات کروائے جائیں۔ وہ گزشتہ روز اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔چوہدری محمدسرور نے کہا کہ حکمرانوں نے ناداراورمفلس عوام کے چولہے بجھانے اوران کی راہوں میں کانٹے بچھانے کے سواکچھ نہیں کیا۔بجلی بحران کے نتیجہ میں عوام کو اندھیروں کے سپردکرنے کے بعدان بیچاروں سے سوئی گیس کی سہولت بھی چھین لی گئی۔انہوں نے کہا کہ عوام کوبنیادی ضروریات سے محروم کرنے کے باوجودبھی حکمران انتہائی ڈھٹائی سے معاشی ترقی کاڈھنڈورا پیٹ رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکمران صرف اپنے کاروباری مفادات کودیکھتے ہوئے اقتصادی پالیسیاں بناتے ہیں ،ان کے دورمیں عام مزدوراورکسان کوکچھ نہیں ملا۔