پشاور(نیوز ڈیسک)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے ضلع نوشہرہ کے گاﺅں پیران بالا کے تین سو گھرانوں میں پاکستان ٹوبیکو کمپنی کے تعاون سے شمسی توانائی سے بجلی پیدا کرنے کی کٹس تقسیم کیں اس سلسلے میں ایک خصوصی تقریب وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں جمعرات کے روز منعقد ہوئی۔ تقریب میں وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں جمشید الدین، پارلیمانی سیکرٹری پی اینڈ ڈی میاں خلیق الرحمن اوررکن صوبائی اسمبلی ادریس خٹک کے علاوہ پاکستان ٹوبیکو کمپنی کے حکام اور پیران بالا کے باشندوں نے شرکت کی ۔وزیراعلیٰ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان ٹوبیکو کمپنی کا پیران بالا کے عوام کو شمسی توانائی کٹس کی فراہمی پر شکریہ ادا کیا انہوں نے پاکستان ٹوبیکو کمپنی کی فلاحی سرگرمیوں کو بھی سراہا ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ایک کروڑ 20 لاکھ روپے کے منصوبے سے بجلی سے محروم 300 گھرانوں کو روشنی جیسی بنیادی سہولت مہیا ہو گی ۔ انہوں نے اس موقع پر منتخب عوامی نمائندوں کو سولرکٹس کی تنصیب اور فعال استعمال کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔ قبل ازیں پاکستان ٹوبیکو کمپنی کے نمائندے اسد شاہ نے بتایا کہ منصوبے کے پہلے مرحلے میں نیشنل گریڈ سے الگ تھلگ پیران بالا کے 300 گھرانوں کو شمسی توانائی کے ذریعے بجلی فراہم کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔