مریدکے(نیوزڈیسک)مریدکے سٹی پولیس نے افغانیوں کے جعلی شناختی کارڈ بنانے والے گروہ کے پانچ ارکان کو گرفتارکر کے درجنوں جعلی شناختی کارڈ برآمد کر لئے ملزموں نے اب تک سینکڑوں افغانیوں کے جعلی شناختی کارڈ بنانے کا انکشاف کر دیا خفیہ ادارے چکرا کر رہ گئے ۔بتایا جاتا ہے مریدکے سٹی پولیس کو اطلاع ملی کہ مریدکے میں افغانیوں اور دیگر غیر ملکیوں کے جعلی شناختی کارڈ بنانے والا گروہ سرگرم ہے انچارج تھانہ سٹی محمد شیراز گھمن نے سب انسپکٹر محمد جاوید گورائےہ اور پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ آبادی بصرہ کالونی میں ایک کرایہ کے مکان میں رہائش پذیر پانچ افراد ظفر اسلام چکوال ، لیاقت علی لاہور، جہانگیر لاہور، وحید لاہور اور افتخار احمد شاہدرہ لاہور کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے درجنوں جعلی قومی شناختی کارڈبرآمد کر کے ان کے خلا ف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے ۔پولیس ذرائع کے مطابق ملزم اب تک افغانیوں سمیت کئی غیر ملکیوں کے سینکڑوں جعلی شناختی کارڈ بنا چکے ہیں اس گروہ کو یحییٰ بخاری نامی نادرا کا سابقہ ملازم چلا رہا ہے جو کہ مفرور ہے جعلی شناختی کارڈ بنانے والے گروہ کے رنگے ہاتھوں پکڑے جانے پر پولیس اور خفیہ اداروں میں کھلبلی مچ گئی ہے ۔