کراچی(نیوز ڈیسک) جوش خطابت میں وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ اکثر و بیشتر غلط شعر پڑھ جاتے ہیں لیکن اب ان کی غائب دماغی کا یہ عالم ہو چکا ہے کہ وہ اکثر و بیشتر اپنی نشست ہی بھول جاتے ہیں ۔جمعہ کو سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران ایسا ہی ہوا جب 83 سالہ وزیراعلی اپنی نشست ہی بھول گئے۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں سندھ اسمبلی اجلاس کا جاری تھا کہ وزیراعلی سندھ اجلاس میں شرکت کے لیے پہنچے لیکن وہ اپنی نشست ہی بھول گئے، قائم علی شاہ اپنی نشست کے بجائے اپوزیشن لیڈرکی نشست پر بیٹھ گئے جس کے بعد ایوان قہقہوں سے گونج اٹھا، حکومتی ارکان کی جانب سے توجہ دلانے پر وزیراعلی سندھ اپنی نشست پر بیٹھے۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ اپنی نشست بھول کر دوسرے رکن کی نشست پر بیٹھنے کا کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔