اسلام آباد (نیوز ڈیسک)ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ایگزیکٹ اسکینڈل کی تحقیقات کے دوران جعلی ڈگریاں فراہم کرنے والی 300سے زائد یونیورسٹیوں کی ہائیرایجوکیشن کمیشن سمیت کسی برطانوی و غیر ملکی ادارے نے تصدیق نہیں کی۔ ثابت ہوتا ہے کہ غیر ملکی ڈگریوں کا جھانسا دے کر سادہ لوح لوگوں کولوٹا اور بلیک میل کیا گیا۔ وزارت داخلہ میں اعلیٰ سطح کے اجلاس میں وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار کو ایف آئی اے کی طرف سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔وزارت داخلہ کی طر ف سے جاری اعلامیے کے مطابق ایف آئی اے نے بریفنگ میں وفاقی وزیرداخلہ کو بتایا کہ امریکی تعلیمی اداروں میں سے 15کے بارے میں امریکی حکام نے جعلی ہونے کی باضابطہ اطلاع دی ہے۔ ایگزیکٹ کیس میں ٹھوس ثبوت سامنے آئے ہیں،ثابت ہوتا ہے کہ غیر ملکی ڈگریوں کا جھانسا دے کر سادہ لوح لوگوں کو بلیک میل کیا گیا اور لوٹا گیا۔ایف آئی اے حکام نے بریفنگ میں مزید کہا کہ مجسٹریٹ کی موجودگی میں ایگزیکٹ دفاتر کے کمپیوٹرز سے 100ٹیراہائٹس سے زائد کا ڈیٹا حاصل کیا گیا،کلاوڈ پر موجود ریکارڈ میں سے اب تک 75فیصد ڈیٹا حاصل کیا گیا۔چوہدری نثار علی خان نے میگا کرپشن کیسز کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ میگا کرپشن کیسز میں ملوث عناصر کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جائے۔وفاقی وزیرداخلہ کو اے کے ڈی کیس پر بھی بریفنگ دی گئی۔ چوہدری نثارنے ایف آئی اے کو اشتہاری ملزمان کا ڈیٹا بینک بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے اسے پولیس اور خفیہ اداروں سے شیئر کرنے کی ہدایت بھی کی۔