لاہور ( نیوز ڈیسک) محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے مفت ٹیبلٹس کی فراہمی کیلئے اساتذہ اور طلباء کی فہرستیں تیارکرنا شروع کر دیں ، پہلے مرحلے میں 54ہزار طلبا اور 24 سو اساتذہ میں ٹیب تقسیم کیے جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے طلبا میں مفت لیپ ٹاپ کی فراہمی کے بعد مفت ٹیب بھی فراہم کیے جارہے ہیں۔ جس کے لیے محکمہ سکول ایجوکیشن نے ابتدائی طور پر اساتذہ اور طلبا کی فہرستیں تیارکرنا شروع کردی ہیں۔ڈیجیٹل ٹیب کی فراہمی کے لیے محکمہ سکول ایجوکیشن کی جانب سے نئی حکمت عملی اپنائی جارہی ہے جس کے تحت صرف سائنس ٹیچرز کو ہی ٹیب فراہم کیے جائیں گے جبکہ آئی ٹی اور دیگر مضامین کے ہزاروں اساتذہ کو نظر اندازکردیا گیا ہے۔ محکمہ سکول ایجوکیشن نے نئی پالیسی کی تصدیق کی ہے، نئی پالیسی کے مطابق سائنس مضامین کے اساتذہ میں ٹیب سالانہ نتائج اور ان کی کارکردگی کی بنیاد پر ہی دیئے جائیں گے اور طلبا میں ٹیب بھی پیک کے تحت ہونے والے امتحانات میں نمایاں کارکردگی دکھانے والوں کو ہی ملیں گے۔