اسلام آباد (نیوزڈیسک)سپریم کورٹ نے قتل کے مقدمے اوردہشتگردی کے مقدمات میں راضی نامہ کے تحت مسلم لیگ (ن) کے گجرا ت سے تعلق رکھنے والے ایم این اے اور مبینہ طو ر پر چھ افراد کے قتل میں ملوث عابد رضا سمیت دیگر مقدمات کی سماعت مارچ کے پہلے ہفتے تک ملتوی کرتے ہوئے درخواست گزاروں کو انسداد دہشتگردی مقدمات میں راضی نامہ بارے دلائل کی تیاری کی مہلت دے دی ہے۔ چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ نے جمعرات کے روز کیس دہشتگردی کے مقدمات میں راضی نامہ کے تحت بریت بارے مقدمات کی سماعت کی اس دوران عدالت نے کہا کہ کیونکہ اس طرح کے بہت سارے مقدمات ہیں ہم چاہتے ہیں کہ اس کو ایک ساتھ سنا جائے عابد رضا کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ قتل کے مقدمے کی حد تک تو ان کی تیاری ہے مگر دہشتگردی کے مقدمات میں صلح ہوجانے اوررہائی پانے والے معاملات پر ان کی تیاری مکمل نہیں ہے انہیں وقت دیا جائے جس پر عدالت نے انہیں وقت دیتے ہوئے سماعت مارچ کے پہلے ہفتے تک ملتوی کردی ۔