خیرپور(نیوزڈیسک)خیرپور میں سونے کی دیگ کی تلاش میں 2 سو سال پرانے مزار کی کھدائی کردی گئی۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے رات بھر کھدائی کی، کوئی خزانہ نہیں ملا تو فرار ہوگئے۔کوٹ ڈیجی میں پیر نودل شاہ کا مزار لالچی افراد کا نشانہ بن گیا۔ پولیس کے مطابق چند روز قبل 20 کے قریب افراد ٹریکٹر ٹرالی پر آئے، سجادہ نشین کو رسیوں سے باندھ دیا اور مزار کی زمین میں کھدائی کرتے رہے۔ ملزمان نے رات بھر کھدائی کی، کوئی خزانہ نہیں ملا تو فرار ہوگئے، رسیوں میں جکڑے گدی نشین کواگلی صبح دیہاتیوں نے آزادکرایا۔ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ کھدائی کرنیوالے افرادکی تلاش شروع کردی گئی ہے اورمختلف پہلوﺅں سے تحقیقات جاری ہیں۔ دوسری طرف شہریوں کے مطابق چند دنوں سے علاقے میں افواہیں گردش کررہی تھیں کہ مزارکے اندر سونے کی دیگ دفن ہے۔