کراچی(نیوزڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سندھ کے سابق وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے کہا ہے کہ میرے خلاف کیس میری غیر موجودگی میں بنائے گئے۔ یہ کیس اس وقت کیوں نہ بنائے گئے جب میں پاکستان میں تھا۔ ایک نجی ٹی وی چینل میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیب کے مطابق یہ کیسز کافی پرانے ہیں۔ اگر یہ بات درست ہے تو میری پاکستان میں موجودگی کے دوران کیوں تفتیش نہ کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ میرا نام ای سی ایل سے نکالا جائے میں پاکستان آنے کو تیار ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ نیب میں کئی سالوں سے وزیراعظم نواز شریف، شہباز شریف اور ن لیگ کے متعدد وزیروں کیخلاف مقدمات ہیں ان کے نام کیوں ای سی ایل میں شامل نہیں کئے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ نیب صرف حکومتی ایما پر پیپلز پارٹی کے رہنماوں کیخلاف کارروائی کر رہی ہے۔