اسلام آباد (نیوز ڈیسک)بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی شکایات کے ازالے کیلئے وزارت سمندر پارپاکستانیز وترقی انسانی وسائل نے یورپی یونین اور انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کے تعاون سے آن لائن کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم متعارف کرادیا ،نظام کا باضابطہ افتتاح وفاقی وزیر وزارت سمندر پارپاکستانیز وترقی انسانی وسائل پیر سید صدرالدین شاہ راشدی نے کیا ۔وفاقی سیکرٹری خضرحیات خان،یورپین یونین اور انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کے نمائندے بھی اس موقع پر موجود تھے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر وزارت سمندر پارپاکستانیز وترقی انسانی وسائل پیر سید صدرالدین شاہ راشدی نے کہا کہ موجودہ حکومت بیرون ملک مقیم 80لاکھ سمندر پارپاکستانیوں کو درپیش مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور وہ ان کے مسائل کے ازالے کو ترجیح دیتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سمند رپارپاکستانی غیر ملکی زرمبادلہ وطن عزیز بھیج کر ملکی معیشت کو مضبوط بنارہے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اس پراجیکٹ کے قیام کا مقصد سمندر پار پاکستانیوں کو درپیش مسائل کا فوری ازالہ ہے اور جنوبی ایشیاء سے تارکین وطن کو دوران ملازمت تحفظ فراہم کرنا ہے۔وفاقی وزیر نے اس نظام کو متعار ف کرانے میں یورپی یونین اور انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کے تعاون کا شکریہ اداکیا جس سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں بالخصوص تارکین وطن ورکرز کے مسائل کو فوری طورپر حل کرنے میں مدد ملے گی۔