اسلام آباد(آن لائن) آن لائن کو ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں الیکشن لڑنے کیلئے ناگزیر تھا کہ سابق گورنر سردار مہتاب خان عہدے سے استعفیٰ دیدیں کیونکہ گورنر کا عہدہ غیر معینہ مدت تک کیلئے ہوتا تو اس حوالے سے ان کے سیاسی کیریئر انتہائی خطرہ میں پڑ رہا تھا دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ کے پی کے حکومت کی جانب سے فاٹا میں نیشنل ایکشن پلان مزید بہتر کرنے کے مطالبے میں گورنر سردار مہتاب آڑے آرہے تھے جس کے باعث فاٹا کے علاقوں میں نیشنل ایکشن پلان پر روح کے مطابق عمل نہیں ہورہا تھا اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے سابق گورنر سردار مہتاب کو کہا تھا کہ فاٹا میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کرانے میں تعاون کریں تاہم ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے معمولی رنجش کے باعث سردار مہتاب فاٹا آپریشن میں سست روی کا مظاہرہ کررہے تھے واضح رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے چند ماہ قبل سابق گورنر کی بھانجی اے ایس پی ارم عباسی کو سوموٹو ایکشن لیکر معطل کرتے ہوئے اسلام آباد پولیس سے ہی نکال دیا تھا جس کے باعث سابق گورنر نے اپنی بھانجی کی تعیناتی کیلئے سفارشیں کیں مگر بے سود ثابت ہوئیں تو وہ وفاقی وزیر داخلہ سے ناراض ہوگئے تھے۔