پشاور(نیوزڈیسک)خیبرپختونخواحکومت نے بھی ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی ہڑتال روکنے کے لئے سرکاری اسپتالوں میں لازمی سروسز ایکٹ نافذکردیا ہے۔ پشاور کے سرکاری اسپتالوں کے ڈاکٹروں نے اپنے مطالبات کے حق میں منگل 9 فروری سے صوبہ بھر میں ہڑتال کا اعلان کررکھا ہے۔خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پشاور کے تمام سرکاری اسپتالوں میں لازمی سروسز ایکٹ نافذکردیا گیا ہے جس کے تحت اسپتالوں میں تعینات ڈاکٹروں سمیت کوئی بھی سرکاری ملازم ہڑتال نہیں کرسکتا۔ محکمہ صحت نے تمام اسپتالوں کے ذمہ داران کو اپنے ماتحت شعبوں میں مذکورہ ہدایت جاری کرنے کا حکم دےدیا ہے۔نوٹیفیکشن کے مطابق قانون کی خلاف ورزی کرنے والو کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ صوبائی وزیر صحت شہرام ترکئی کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت نے یہ قدم پشاور ہائی کورٹ کے حکم پر اٹھایا ہے۔خیبر پختونخوا حکومت نے یہ اقدام ایک ایسے وقت میں ا±ٹھایا ہے جب صرف ایک روز قبل تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے وفاقی حکومت کی جانب سے پی آئی اے میں نافذ کئے گیے لازمی سروس ایکٹ کے نفاذ کی مخالفت کرتے ہوئے اس کی واپسی کا مطالبہ کیاتھا۔