کراچی (نیوز ڈیسک) کراچی میں ٹریفک پولیس کے 3ہزار اہلکاروں کو 8سال بعد 11کروڑ روپے کی ریوارڈ منی کی ادائیگی آج (پیر) کی جائے گی۔ ہر رینک کے افسر کو 32 ہزار روپے جبکہ کانسٹبلز اور ہیڈکانسٹبلز کو 24 ہزار روپے فی کس ملیں گے۔پولیس حکام کے مطابق اس سلسلے میں ایک پروقار تقریب پولیس ہیڈ کوارٹر گارڈن میں پیر کی شام منعقد ہوگی۔ اس سے قبل 2008 میںرقم کی ادائیگی کی گئی تھی۔ جنگ رپورٹر افضل ندیم ڈوگر کے مطابق ایڈیشنل آئی جی ٹریفک خادم حسین بھٹی نے جنگ کو بتایا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر شہریوںسے حاصل جرمانے کا 70 فیصد حصہ سرکاری خزانے میں جاتا ہے جبکہ 30 فیصد رقم ٹریفک پولیس کے اکاونٹ میں جمع ہوتی ہے۔ جس میں سے زیادہ تر رقم ٹریفک پولیس کے آلات کی خریداری پر خرچ کی جاتی ہے لگ بھگ 5 فیصد رقم ٹریفک پولیس کے ان افسران میں تقسیم کی جاتی ہے جو چالان اور جرمانے عائد کرتے ہیں۔ خادم حسین بھٹی کے مطابق آخری بار پولیس افسران کو کمیشن کی ادائیگی کافی سال پہلے کی گئی تھی اس کے بعد سے یہ رقم جمع ہوتے ہوتے 11 کروڑ روپے تک جا پہنچی ہے۔ ایڈیشنل آئی جی کے مطابق اب سال 2009 کے بعد کے پانچ سال کے کمیشن کی ادائیگی ایک ساتھ آج (پیر)کی جارہی ہے اس سلسلے میں منعقدہ تقریب میں کارکردگی کے حامل پولیس افسران کو اعزاز کے طور پر اسٹیج پر بلا کر وزیر داخلہ سندھ کے ہاتھ سے چیکس دیئے جائیں گے جبکہ دیگر افسران اور اہلکاروں کو سیلری اکاآنٹس میں رقم ٹرانسفر کی جارہی ہے۔ ٹریفک پولیس ذرائع کے مطابق جن افسران نے چیکنگ کے دوران جرمانے کئے انہیں تو زیادہ ادائیگی متوقع ہے تاہم دیگر افسران جن میں ٹریفک پولیس کے مختلف دفاتر یا ڈرائیونگ لائسنسز میں کام کرنے والے اے ایس آئی سے ایس ایس پی تک کے افسران کو اندازے کے مطابق فی کس 32 ہزار روپے اور اس سے نچلے گریڈ کے اہلکاروں کو فی کس 24 ہزار روپے ملیں گے