لاہور(نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ اداروں کو ٹھیک کرنے کی کوشش کر رہے ہیں،سمت درست کرتے ہوئے کچھ غلطیاں بھی کریں گے،سی پیک منصوبہ گیم چینجر ثابت ہوگا ۔ یہاں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان آہستہ آہستہ آگے بڑھ رہا ہے اور یہ تسلسل جاری رہنا چاہیے ۔کراچی آپریشن بعض لوگوں کو کھٹکتا ہے لیکن یہ جاری رہے گا،کراچی میںپہلے بھتے کے بغیر کام نہیں ہوتا تھا اوراب صورتحال یکسر مختلف ہے ۔انہوں نے کہا کہ اورنج لائن بننے سے تکلیف کا ازالہ ہو جائے گا ، لاہو رایک بین الاقوامی شہر بننے جارہا ہے ۔جو لوگ اس کے خلاف پراپیگنڈا کر رہے ہیں وہ ناکام ہوں گے، لاہو رکی تجاوزات پر سرجیکل آپریشن ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ 2018ءمیں ڈنڈے اور دھرنے سے نہیں ووٹ کے ذریعے فیصلہ ہوگا۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت جب عوام کی عدالت میں جائے گی تو سر خرو ہو گی ۔ انہوںنے کہا کہ پی آئی اے ملازمین کی ہڑتال سے مسافر خوار ہو رہے ہیں،مسئلہ حل ہونا چاہیے ، ریلوے کے خسارے کو کم کیا نجکاری کی ضروری نہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں 2013ءمیں جلتا ہوا پاکستان ملا تھا، سمت درست کرتے ہوئے کچھ غلطیاں بھی کریں گے۔