اسلام آباد (این این آئی)سرکاری ایئر لائن پی آئی اے کی پروازوں کا شیڈول درہم برہم ہونے کے باعث وفاقی وزیر شاہد خاقان عباسی کی بلیو ائیر لائن سمیت نجی ایئر لائنز نے 300فیصد کرائے بڑھا دیئے ۔تفصیلات کے مطابق بعض ایئر لائنز نے کرایوں میں 3 سے 4 گنا اضافہ کر دیا اور 31 جنوری تک 7 ہزار روپے میں دستیاب ٹکٹ 21 ہزار روپے میں ملنے لگا ایک ایئر لائن نے مزید بکنگ سے ہی انکار کردیا ٗنجی ایئر لائنز کی جانب سے کرایوں میں 300 فیصد تک اضافے اور بکنگ میں بندش کے باعث مسافر مزید مشکلات کا شکار ہو گئے ٗنجی ایئر لائنز کی جانب سے کرایوں میں اضافے کی خبریں سامنے آنے کے باوجود بھی حکومت نے فوری طور پر کوئی ایکشن نہیں لیا۔وفاقی سیکریٹری برائے ایوی ایشن عرفان الٰہی نے کہا کہ پی آئی اے ملازمین کی ہلاکت کیلئے ممکنہ مقدمے میں ان کے نام کے اندراج سے وہ لاعلم ہیں.سیکرٹری برائے ایوی ایشن عرفان الہٰی کے مطابق مجھ سمیت مذاکراتی عمل میں شریک افراد کے نام مقدمے میں شامل کیے جانے کا مطلب موجودہ بحران کو مزید سنگین بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام ایئر پورٹس پر رینجرز کی تعیناتی ایوی ایشن ڈویژن کے خط پر کی گئی تھی۔