کراچی (نیوزڈیسک) کراچی میں گزشتہ روز قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلی افسران کی قیادت میں ایک اہم اجلاس ہوا،اجلاس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلی افسران نے شرکت کی۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق اجلاس میں عزیر بلوچ کے قریبی ساتھیوں جن کوعزیربلوچ اپنے شاگردکہتاتھاان میں استاد تاجو، غفار ذکری، شیراز ذکری، وصی لاکھو، عمر کچھی، شکیل بادشاہ خان، زاہد لاڈلہ، فیصل پٹھان، سردار آصف عرف مٹھل، گلا بو، اور ساجد گولی مار ، جمیل چھانگا، سلیم چاکلیٹی، سعید کاجل، ملا سہیل، ملا نثار، آغا شوکت ایرانی، شیراز کامریڈ، سنی اور شکیل خان کی گرفتاری کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں مزید فیصلہ کیا گیا ہے کہ کارروائی لیاری گینگ وار کے کارندوں سمیت کالعدم جماعتوں اور سیاسی جماعتوں کے عسکری ونگ کے دہشتگردوں کے خلاف بھی کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ عزیر بلوچ کے مفرور ساتھیوں سمیت اہم ملزموں کی گرفتاری میں مدد کرنے والے افراد کے لیے 10 لاکھ سے 50 لاکھ تک کا انعام بھی دیا جائے گا۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ جو ملزمان سنگین جرائم میں ملوث ہیں اور بیرون ملک منتقل ہو گئے ہیں ان کی گرفتاری کے لیے انٹرپول سے مدد بھی لی جائے گی۔