لاہور( نیوزڈیسک) وزیر قانون و پارلیمانی امور پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ کراچی میں پی آئی اے کے ملازمین کی ہڑتال دورا ن پیش آنے واقعے میں ملوث کسی گلو یا الو بٹ کو نہیں چھوڑیں گے ، ویڈیو سے شناخت ہو جائیگی ، پبلک سروس کے اداروں میں ہڑتال کی گنجائش نہیں ہوتی ، اپنے مطالبات کیلئے لوگوں کو یرغمال بنانا جرم ہے۔ پنجاب اسمبلی کے احاطہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت جھوٹے مقدمات کرانے کی ماہر ہے ، وہ کر اچی واقعے کو بنیاد بنا کر ملکی ترقی و خوشحالی کا عمل رکوانا چاہتی ہے۔میٹرو بس ، اورینج لائن ٹرین اور دیگر منصوبوں سے ایک نیا دور چل نکلا ہے ،اپوزیشن نہیں چاہتی کہ ملک ترقی کے سفر پر چلے ۔رانا ثنااللہ نے کہا کہ کراچی واقعے کی فوٹیج سے ظاہر ہوتا ہے کہ گولی کسی سویلین نے چلائی ، کوئی گلو بٹ ہو یا الو بٹ کو نہیں چھوڑیں گے ، فوٹیج سے شناخت ہوجائیگی جس کے بعد دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائیگا ۔ صوبائی وزیر کا کہناتھاکہ پی آئی اے کی نجکاری ادارے میں بہتری کیلئے کی جارہی ہے ، پبلک سروس کے اداروں میں ہڑتال کی گنجائش نہیں ہوتی ، اپنے مطالبات کیلئے لوگوں کو یرغمال بنانا جرم ہے۔