لاہور ( نیوزڈیسک)وزیر مملکت برائے پانی وبجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ بجلی چوروں کا کوئی لحاظ نہیں کریں گے ، سندھ میں رینجرز کی مدد سے بجلی چوروں کے خلاف آپریشن کر رہے ہیں اور اگر ضرورت پڑی تو پنجاب میں بھی کریں گے ، ریکوری میں بہتری اورلائن لاسزمیں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے، بجلی کے بلوں میں اضافی یونٹس کے شامل کیے جانے کے مسائل کے حل کیلئے بہت جلد کھلی کچہریوں کا سلسلہ شروع کیاجائیگا ، پورے ملک میں ٹرانسمیشن لائنوں کا جال بچھا دیں گے ،سابقہ حکومتوں کی کرپشن کی وجہ سے نیلم جہلم منصوبہ 80ارب سے 284ارب تک پہنچ گیا تاہم مارچ 2018ء تک ہمیشہ کیلئے لو ڈ شیڈنگ کا خاتمہ کردیں گے ،مخالفین نے نندی پور منصوبے پر بہت سی افواہیں اڑائیں لیکن آڈٹ رپورٹ کے مطابق اس پر کل 51ارب خرچ ہوئے ، عمران خان ہر وقت تنقیدکرتے ہیں لیکن 2018ء تک صبر کریں اگلے پانچ سال بھی وزیرا عظم نواز شریف ہی ہوں گے، ہمارے کے خلاف پراپیگنڈہ کیا جا رہا ہے لیکن ہمیں دنیا کی کوئی طاقت کام کرنے سے نہیں روک سکتی ،آج عالمی ادارے بھی پاکستان میں کرپشن کے تیزی سے خاتمے کی تعریفیں کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں ،دہشت گردوں سے خوفزدہ نہیں ، لوگوں کا تحفظ کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے ور ہم دہشت گردوں کا ہر جگہ پیچھا کریں گے اور بچوں کو مارنے والوں کی قبروں تک جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار چیف لیسکوکے ہمراہ 132کے وی ٹرانسمیشن لائن وتوسیع132 کے وی نیوغازی گرڈاسٹیشن کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ وزیرمملکت پانی وبجلی عابدشیرعلی نے لاہورالیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو)ہیڈکوارٹرکادورہ کیاجہاں چیف ایگزیکٹولیسکوقیصرزمان نے وزیرمملکت کولیسکوکی کارکردگی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی جس میں لیسکومیں نئی بچھائی جانے والی132-KV ٹرانسمیشن لائنوں،لائن لاسزکوکنٹرول ، ریکوری میں کی گئی کوششوں اور ڈسٹری بیوشن سسٹم میں نئے لگائے جانے والے ٹرانسفارمرز کے بارے میں لیسکوکی کارکردگی سے آگاہ کیاجوکہ پچھلے پانچ سال میں بہترین پائی گئی۔افتتاح کے موقع پرمیڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے وزیرمملکت پانی وبجلی نے بتایا کہ اس سال ریکوری میں بہتری اورلائن لاسزمیں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ہماری پالیسیوں اورلیسکومینجمنٹ بالخصوص چیف ایگزیکٹولیسکوقیصرزمان کی کاوشوں سے لائن لاسزکو کنٹرول کرنے میں کافی حدتک مددملی ہے۔لیسکوڈسٹری بیوشن سسٹم میں اس سال4000سے زائد ٹرانسفارمرز لگائے گئے اور 105 کلو میٹر نئی 132-KV ٹرانسمیشن لائن تعمیرکی گئی۔اس کے علاوہ10 نئے گرڈاسٹیشن کا قیام اور موجودہ7گرڈاسٹیشنز کی اَپ گریڈیشن بھی لیسکوکی کارکردگی میں شامل ہے جس سے لیسکو کے ترسیلی نظامی میں بہت بہتری اورٹرپنگ میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم نے لاہور کی ٹرانسمیشن لائنوں کو مضبوط کرنے کیلئے 3600میگا واٹ کا منصوبہ بنا یا تھا جس میں سے اب تک 1000واٹ کا اضافہ ہو چکا ہے ،لاہور کے اندر105کے قریب نئی ٹرانسمیشن لائنز بچھائی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں کی کرپشن کی وجہ سے نیلم جہلم منصوبہ 80ارب سے 284ارب تک پہنچ گیا ہے ،یہ زیادتی نہیں تواور کیا ہے ۔،ہمارے خلاف اب بھی بہت منفی پراپیگنڈہ کیا جا رہا ہے لیکن ہمیں دنیا کی کوئی طاقت کام کرنے سے نہیں روک سکتی ،آج عالمی ادارے پاکستان میں کرپشن کے تیزی سے خاتمے کی تعریفیں کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں ، ہم نے صرف باتیں نہیں کیں بلکہ کام کر کے دکھا یا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے سندھ کے حالات بہتر کیے ، کراچی کے حالات بہتر کیے ،جنوبی وزیرستان کے میں امن لائے جس میں پاک فوج کا کردار نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، آپریشن ضرب عضب اور دیگر تمام آپریشنو ں میں بیشمار کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں جس پر فوجی جوانوں کو خراج تحسین پیش کر تا ہوں۔عابد شیر علی نے کہا کہ حکومت دہشتگردوں سے خوفزدہ نہیں ہے ،ہم دہشت گردوں کا ہر جگہ پیچھا کریں گے اورچارسدہ کے بچوں کو مارنے والوں کی قبروں تک جائیں گے ،حکومت کی ذمہ داری ہے کہ لوگوں کا تحفظ کرے ۔ انہوں نے کہاکہخان صاحب آپ ہر وقت صرف ہم پر تنقید کرتے ہیں ، آپ خیبر پختونخواہ کے ہسپتالوں میں جائیں ، تعلیمی اداروں میں جائیں اور دیکھیں کہ وہا ں کتنے برے حالات ہیں ،آپ 2018ء تک صبر کریں اگلے پانچ سال بھی وزیرا عظم نواز شریف ہی ہوں گے ۔ ہمارے مخالفین نے نندی پور منصوبے پر بہت سی افواہیں اڑائیں لیکن آڈٹ رپورٹ کے مطابق اس پر کل 51ارب خرچ ہوئے ۔عابد شیر علی نے کہا کہ ہم کام اور صر ف کام پر یقین رکھتے ہیں ،ہم پورے ملک میں ٹرانسمیشن لائنوں کا جال بچھا دیں گے ،سال 2015ء میں اتنا کام ہوا ہے کہ یہ واپڈا کے گزشتہ12سالا دور میں بہترین ترین سال ہے ،ہم نے اب تک 1.6فیصدتک لاسز میں کمی ،6فیصد ریکوری میں اضافہ اور فیول کی مد میں132ارب بچت کی ۔ عابد شیر علی نے کہا کہ بجلی کے بلوں میں ہم نے سبسڈی صرف امیر ترین طبقے کیلئے ختم کی ہے لیکن مڈل کلاس کیلئے ابھی بھی موجود ہے ،بلوں میں اضافی یونٹس کے شامل کیے جانے کے مسائل کے حل کیلئے بہت جلد کھلی کچہریا ں شروع کی جائیں گی ۔ گزشتہ دنوں دو بریک ڈاؤن گدو میں ٹرانسفارمر میں آگ لگنے سے ہوئی ،اس لاپرواہی کرنیوالوں کو سزا دیدی ہے آئندہ ایسا نہیں ہوگا،جہاں بجلی چور واپڈا ملازمین سے بدمعاشی کریں گے وہاں میں خود مدد کیلئے آؤں گا، سندھ میں بھی ہم رینجرز کی مدد سے بجلی چوروں کے خلاف آپریشن کر رہے ہیں اور اگر پنجاب میں بھی ضرورت پڑی تو یہاں بھی رینجرز بھی بلائیں گے ،بجلی چوروں کا کوئی لحاظ نہیں کریں گے ،خواہ وہ کسی بھی صوبے سے ہوں ۔