کراچی(نیوز ڈیسک)پی آئی اے انتظامیہ کی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت ملازمین نے کاغذی طیاروں کی طرح ہوا میں اڑا دی۔ کراچی ، لاہور،فیصل آباد ،کوئٹہ سمیت کئی شہروں میں ہڑتال آج بھی جاری ہے۔نجکاری کے فیصلے کےخلاف کہیں تالا بندی ہے تو کہیں احتجاج ہو رہا ہے،ملازمین آج بھی دفتر نہ آئے۔پی آئی اے کی نجکاری کے خلاف ملازمین کا احتجاج ساتویں روز میں داخل ہو گیا،قومی ائرلائن کے ملازمین نے انتظامیہ کی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کوایک طرف رکھ دیا۔کراچی ،لاہور،فیصل آباد،کوئٹہ سمیت کئی شہروں میں دفاتر کو تالے لگا دیے۔کراچی میں پی آئی اے ہیڈ آفس اور ٹکٹنگ دفاتر کے باہر ملازمین سراپا احتجاج ہیں ،رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری بھی یہاں موجود ہے۔پی آئی اے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے صدر سہیل بلوچ کا کہنا ہے کہ منگل کو صبح 7 بجے فلائٹ آپریشن بند کردیاجائے گا۔ادھر لاہورمیں پی آئی اے ملازمین نےٹاآن آفس میں تالا بندی کردی ،کوئٹہ میں ملازمین نےریزرویشن، کارگو اور کوریئرسروس کے دفاتر بندکردیے،فیصل آباد میں ملازمین کا مرکزی دفتر میں احتجاج جاری ہے۔اس سے پہلے ترجمان پی آئی اے نے تمام ملازمین کو آج دفاتر میں اپنی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی تھی،ایک بیان میں کہا تھا کہ قانون سازی کے ذریعے ملازمتوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا، ملازمین کی تنخواہ، پینشن اور گریجویٹی پر کسی قسم کا اثر نہیں پڑے گا، اس لیے ہڑتال کرنے کا کوئی جواز نہیں، پی آئی اے کی انتظامیہ ہڑتال کو غیر قانونی سمجھتی ہے