لاہور(نیوز ڈیسک) رکن پنجاب اسمبلی کنول نعمان کی دماغ کی شریان پھٹ گئی ہے جس کی وجہ سے انہیں تشویشناک حالت میں جناح ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کی رکن صوبائی اسمبلی و اداکارہ کنول نعمان کو برین ہی مرج ہوا جس کی وجہ سے وہ بیہوش ہوگئیں اور انہیں جناح ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ کنول نعمان کی حالت سخت تشویشناک ہے اور انہیں آئی سی یو میں رکھا گیا ہے جہاں ڈاکٹرز ان کی جان بچانے کی پوری کوشش کررہے ہیں، ڈاکٹرز نے ان کی صحت کیلئے اگلے 48 گھنٹوں کو انتہائی اہم قرار دیدیا ہے۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب نے کنول نعمان کے علاج کے حوالے سے ہسپتال انتظامیہ کو سخت ہدایات کردی ہیں اور کہا ہے کہ اگر ان کا علاج پاکستان میں ممکن نہیں ہوسکا تو انہیں بیرون ملک سرکاری خرچ پر علاج کیلئے بھیجا جائے گا۔واضح رہے کہ اداکارہ کنول نعمان 2013 کے عام انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ ن کی ٹکٹ پر مخصوص نشست پر رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئی تھیں