کراچی(نیوز ڈیسک)وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے رینجرز کے مشروط اختیارات میں توسیع سے متعلق سمری پر دستخط کردیئے جس کے سمری وفاقی وزارت داخلہ کو ارسال کی جائے گی۔ سندھ اسمبلی کی قرارداد سے مشروط رینجرز اختیارات سے متعلق سمری وزیراعلی سندھ کو بھیجی گئی جس پر انہوں نے دستخط کردیئے جب کہ سمری محکمہ داخلہ کو ارسال کی جائے گی جس کے بعد وہ وفاقی وزارت داخلہ کو بھجوائے گی۔ سندھ حکومت کی جانب سے رینجرز اختیارات میں 60 روز کی توسیع کی گئی ہے جب کہ رینجرز کو سندھ اسمبلی کی قرارداد کے مطابق اختیارات حاصل ہوں گے۔واضح رہے کہ رینجرزکے اختیارات میں توسیع کی مدت 3 فروری کو مکمل ہو رہی ہے اور وفاقی وزارت داخلہ کی منظوری کے بعد اختیارات میں توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔