لاہور(نیوز ڈیسک) پنجاب میں ایک ہفتے کی چھٹیوں کے بعد سرکاری اور نجی اسکولوں میں تدریسی عمل شروع ہوگیا ہے تاہم صوبے کے 12 بڑے اسکولوں کی سیکڑوں برانچیں آج بھی بند ہیں۔وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہور اور نجی اسکولوں کی تنظیم کے درمیان مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد صوبے کے سرکاری اور نجی اسکولوں میں ایک ہفتے کے بعد تدریسی عمل بحال ہوگیا ہے، اسکول انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی کے انتظامات انتہائی موثر کئے گئے ہیں جب کہ پولیس کی بھاری نفری۹ بھی تعلیمی اداروں کے اطراف موجود ہے۔دوسری جانب بیکن ہاو¿س، ایجوکیٹر، لاکاس، سٹی اسکول، پی این ایس، لرننگ الائنس، کڈز کیمپس، اسمارٹ اسکول، سلامت سکول اور لاہور گریمر سمیت 12 اے پلس اور اے کیٹگری اسکول کی سیکڑوں شاخیں بند ہیں۔ ان اسکولوں کی انتظامیہ نے طلبہ کے بچوں کے والدین کو موبائل ایس ایم ایس کے ذریعے اس بات سے باضابطہ طور پر آگاہ بھی کردیا ہے۔تدریسی عمل معطل رکھنے والے اسکولوں کے مشترکہ ترجمان تبریز بخاری کا کہنا ہے کہ وہ کسی پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن کے رکن نہیں اس لئے وہ ان تنظیموں کے فیصلوں کی پابندی کے بھی پابند نہیں، وہ حکومت کی ہدایات پر پوری طرح عمل کررہے ہیں لیکن اس کے باوجود حکومت انہیں ہراساں کررہی ہے۔ سیکیورٹی فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، جب تک حکومت اسکولوں کی سیکیورٹی کو یقین نہیں بناتی اور ہمیں ہراساں کرنا بند نہیں کیا جاتا تب تک ہم اسکولز نہیں کھولیں گے