فیصل آباد(نیوز ڈیسک)فیصل آباد میں پولیس حراست سے ملزم کی رہائی کے لیے مظاہرین نے پولیس چوکی پر دھاوا بول دیا،پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج کیا۔فیصل آباد کے علاقے بھائی والا میں پولیس نے سلیمان نامی شخص کو لکی کمیٹی فراڈ کے الزامات پر حراست میں لے کر پولیس چوکی منتقل کیا ، اس کو حراست میں لیے جانے کے خلاف اہل علاقہ نے پولیس چوکی پر دھاوا بول دیا۔مشعل مظاہرین نے پتھراﺅ کیا اور چک جھمرہ روڈ پر ٹریفک بھی بلاک کردیا ،جن کا کہناتھا کہ سلیمان لکی کمیٹی کے نام پر فراڈ نہیں کررہا بلکہ وہ ہر ماہ باقاعدگی سے انہیں رقم ادا کررہا ہے ، پولیس نے اسے غلط الزامات کے تحت حراست میں لیا ہے۔مشتعل مظاہرین سے نمٹنے کے لیے پولیس کی اضافی نفری طلب کی گئی، جس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج کیا ، بعد میں پولیس نے زیر حراست ملز م کو چوکی سے تھانہ نشاط آباد منتقل کردیا۔