لاہور(نیوزڈیسک )ودہولڈنگ ٹیکس کے اعلان نے اپنا کام کردکھایا،4فروری کو ہوشیار رہیں،ملک بھرمیں پٹرول اوراشیاءخورد و نوش کی قلت کا امکان،پاکستان بھر کی گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے نمائندہ آلائنس” یونائیٹڈ گڈز ٹرانسپورٹ آلائنس پاکستان “ نے کہا ہے کہ 4فروری کو ملک بھر میں ہونے والی گڈز ٹرانسپورٹ کی ہڑتال مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گی،ہمارا مطالبہ ہے کہ وفاقی حکومت کی طرف سے ٹرکوں پر ٹوکن کے ساتھ 100فیصد انکم ٹیکس اضافہ واپس لیا جائے، ود ہولڈنگ ٹیکس کے نام پر کٹوتی ختم کی جائے،روڈ غنڈا ٹیکس ختم کیا جائے یہ گڈز ٹرانسپورٹرز کے ساتھ سرکاری سرپرستی میں ہونے والی ڈکیتی ہے،ہمیں تحفظ فراہم کیا جائے،16فیصد سروسز ٹیکس ختم کیا جائے، افغانی گاڑیوں کو پشاور کے علاوہ پاکستان میں مال برداری سے روکا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز یونائیٹڈ گڈز ٹرانسپورٹ آلائنس پاکستان کے مرکزی صدر خالد خان آف کراچی پنجاب کے صدر ذوالفقار چوہدری ،صوبائی سیکرٹری جنرل جاوید ملک آف مظفر گڑھ سمیت دیگر نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پررانا اشتےاق احمدآف لاہور،چوہدری عامر مشتاق حسےنی آف لاہور، ملک نثار آف ٹیکسلا،عبدالسلام ناصر آف ڈی جی خان ،پرویز اختر حسینی،نجیب اللہ خان نیازی لاہور،ملک نصیر احمد لاہور،وحید چوہدری آف وہاڑی، قیصر شاہ ملتان،سلیمان خان رحیم یار خان ،مہر علی احمد گوجرانوالہ، ملک جمیل شیخوپورہ،رانا زاہد ٹوبہ ٹیک سنگھ،بابر ڈھونڈا سرگودھا پل11،حاجی عبدالمجید سیفی لاہور، راجہ محمد آصف راوالپنڈی ،مقبول حسین،سمیت دیگر نے شرکت کی۔ قائدین نے مزید کہا کہ 4فروری کی ہڑتال پر امن ہوگی،اس دوران کسی قسم کے نقصان کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں گڈز ٹراسپوٹر ز کی گاڑیوں کا اغواءلوٹ مار اور عملے پر تشددکی روک تھام اور مکمل تحفظ فراہم کیا جائے۔نیشنل ہائی وے اور پنجاب ہائی وے کے ٹول پلازوں کی فیس میں کمی کی جائے۔ اےن اےچ اے کے ویٹ اسٹیشنوں،ٹھیکداروں کی غندہ کا خاتمہ کیا جائے۔کسٹم ایکسائز کی چیک پوسٹوں خاص طور پر سندھ اور پنجاب میں ان کی زیادتیوں اور بے جا چارجز سے ٹرانسپورٹرز کو بچایا جائے،وارڈن ، ٹریفک ،پیٹرولنگ اورتھانہ پولیس کے ناجائز چالانوں اور ان کے غنڈا ٹیکس سے تحفظ فراہم کیا جائے ۔گاڑی کے ایکسیڈنٹ کی صورت میں عدالت سے سپرداری ڈرائیور کو گاڑی کاغذات پر دی جائے۔ود ہولڈنگ ٹیکس کے نام پر کٹوتی ختم کی جائے۔ڈیزل کی قیمتیں بین الاقوامی مارکیٹ کے مطابق کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ہمارے مذکورہ بالا مطالبات تسلیم نہ کئے گئے اس وقت تک یہ ہڑتال جاری رہے گی اور کسی قسم کی گڈزٹرانسپورٹ روڈ پر نہیں آئے گی۔ہم ایک مرتبہ پھر کہتے ہیں کہ یہ ہڑتال انتہائی پر امن ہو گی ۔