لاہور( نیوزڈیسک)اورنج لائن میٹرو،لاہورمیں ہنگامے،تحریک انصاف کے اہم رہنما کو جان کے لالے پڑ گئے،پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید کو بن بلائے پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام اورنج لائن میٹرو ٹرین کیخلاف احتجاجی مظاہرے میں جانا مہنگا پڑ گیا ، کارکنوں نے دھکے دے کر اور مخالفانہ نعرے بازی کر کے واپس جانے پر مجبور کر دیا ،منصوبے کےلئے ایکوائر کی گئی اراضی کا سرکاری ریٹ سے کم معاوضہ دینے کیخلاف بارا گجراں کے سینکڑوںرہائشیوں نے بھی مناواں کے قریب شدید احتجاج کیا ،ڈنڈا بردار مشتعل مظاہرین نے ہلہ بول کر منصوبے پر کام کرنے والے مزدوروںاور سرکاری عملے کوگاڑیوں اورکرینوں سمیت بھاگنے پر مجبور کر دیا ،پیرا شوٹ کالونی کے رہائشیوں نے صوبائی وزیر میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن کی رہائشگاہ کے سامنے منصوبے کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا ۔تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی لاہور کے زیر اہتمام کارکنوں اور سول سوسائٹی کے افراد نے جین مندر چوک میں اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی ۔احتجاج کے باعث جین مندر چوک میں ٹریفک کا نظام معطل ہونے سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں ۔ پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام جاری احتجاج میںپنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید بھی چند کارکنوں کے ہمراہ وہاں پہنچ گئے تاہم پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے انہیں احتجاج میں شرکت سے روک دیا اور گو عمران گو کے نعرے لگائے ۔ پیپلز پارٹی کے کارکنوں کا کہنا تھاکہ محمود الرشید ہمارے احتجاج کو ہائی جیک کرنے آئے ۔ ہم اپنے زور بازو سے یہ منصوبہ رکوائیں گے اور ہمیں محمود الرشید کی ضرورت نہیں۔ اس دوران کچھ کارکنوں نے میاں محمود الرشید کو دھکے بھی دئیے اور شدید نعرے بازی کر کے انہیں وہاں سے واپس جانے پر مجبور کر دیا ۔پیپلز پارٹی لاہور کے سیکرٹری اطلاعات فیصل میر نے کہا کہ تحرےک انصاف اور مسلم لےگ مےں مک مکا ہوا ہے ،تحرےک انصاف مسلم لےگ کی بی ٹےم بنی ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت منصوبہ شروع کرنے کے باوجود متاثرین کو ادائیگی نہیں کر رہی ۔ ہم حکومت کو اپنی من مانیاں نہیں کرنے دیں گے۔ علاوہ ازیںاورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کےلئے ایکوائر کی گئی اراضی کا سرکاری ریٹ سے کم معاوضہ دینے کیخلاف بارا گجراں کے سینکڑوںرہائشیوں نے مناواں کے قریب شدید احتجاج کیا ۔مظاہرین کا کہنا تھاکہ حکومت منصوبے کےلئے زبردستی زمین ایکوائر کر رہی ہے۔ سرکاری ریٹ ڈیڑھ لاکھ روپے فی مرلہ ہے جبکہ اگر کوئی شخص اپنے طو رپر زمین بیچتا ہے تو اس کی قیمت دو گنا ہے لیکن حکومت سرکاری قیمت سے بھی کم صرف پچاس ہزار روپے فی مرلہ دینے پر بضد ہے جسے کسی صورت تسلیم نہیں کرتے ۔احتجاج میں شریک مظاہرین نے ہاتھوں میں ڈنڈے اٹھا رکھے تھے جنہوں نے منصوبے پر کام کرنے والے مزدوروں اور سرکاری عملے پر ہلہ بول دیا اور انہیں گاڑیوں اورکرینوں سمیت بھاگنے پر مجبور کر دیا۔ مشتعل مظاہرین نے اس دوران پتھراﺅ بھی کیا اور وہاں لگی لائٹیں اور دیگر سامان کی توڑ پھوڑ کی ۔ مظاہرین نے افسران کے لئے بنائے گئے کیمپ پر بھی پتھراﺅ کیا اوراس میں پڑا ہوا فرنیچر باہر نکال کر پھینک دیا۔ مشتعل مظاہرین کی تعداد زیادہ ہونے کے باعث مزدور کافی دور نکل گئے اور انہوں نے سکیورٹی ملنے تک دوبارہ کام کرنے سے انکار کر دیاجسکی وجہ سے کئی گھنٹے تک کام رکا رہا ۔اطلاع کے باوجود مقامی پولیس کافی تاخیر سے پہنچی جنہوں نے مظاہرین سے مذاکرات کئے تاہم مظاہرین کا کہنا تھاکہ مطالبا ت تسلیم ہونے تک احتجاج جاری رکھیں گے ۔ پیرا شوٹ کالونی کے رہائشیوں نے منصوبے کے خلاف صوبائی وزیر ایکسائز اینڈٹیکسیشن میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن کی رہائشگاہ کے سامنے کاپرس چوک میں احتجاجی مظاہرہ کر کے ٹریفک کا نظام بلاک کر دیا ۔ یاد رہے کہ متحدہ اپوزیشن نے بھی کل ( منگل )کو اورنج لائن ٹرین کے خلاف جی پی اوچوک سے وزیراعلیٰ ہاﺅس تک احتجاجی مارچ کرنے کا اعلان کر رکھا ہے ۔