اسلام آباد(نیوز ڈیسک)) حکومت کی جانب سے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر اسلام آباد کے بازاروں میں خودکش حملہ آوروں کے حوالے سے آگہی مہم چلاتے ہوئے بینرز آویزاں کر دیے گئے ہیں جس میں خود کش حملہ آوروں کے حوالے سے چند بنیادی معلومات دی گئی ہیں اور اطلاع دینے کے لیے فون نمبر بھی دیے گئے ہیں۔ حکومت نے سیکیورٹی خدشا ت کے پیش نظر شہریوں کو بھی کہا ہے کہ وہ اپنے اردگردکے ماحول سے باخبر رہیں اورکسی خودکش حملہ آورکے حوالے سے ہیلپ لائن فون نمبرز 1135 پر اطلاع دیں۔ اسلام آبادکے بازاروں میں آویزاں بینرزمیں خودکش حملہ آور کی نشانیاں بتائی گئی ہیں جن میں یہ کہاگیاکہ خودکش حملہ آورکی عمر14سے 19سال کے درمیان ہو گی۔ خودکلامی اورہونٹو ں کی مسلسل جنبش، لباس بھاری ڈھیلااور صاف، مشکوک حرکات و سکنات، چہرے پر پیلاہٹ اور رنگت اڑی ہوئی ہو گی، دونوں بازو جسم سے فاصلے پر ہوں گے۔ عموماً اسپورٹس جوتے یا جوگرز پہنے ہوئے ہو گا۔ شہریوں سے کہا گیا ہے کہ اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔