لاہور(نیوز ڈیسک)پنجاب میں پرائیوٹ اسکولز ایسوسی ایشن نے یکم فروری سے اسکول نہ کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے حکومت سے مؤثر سیکیورٹی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود نے پرائیوٹ اسکول ایسوسی ایشن کے صدر کاشف مرزا کو ٹیلی فون کیا اور صوبے بھر میں یکم فروری سے اسکول کھلنے سے آگاہ کیا جب کہ اس موقع پر کاشف مرزا نے صوبائی حکومت کے یکم فروری سے اسکول کھولنے کے فیصلے کی مخالفت کردی۔صدر پرائیوٹ اسکولز ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ اسکولوں میں سیکیورٹی نہ ہونے پر بچے اور ان کے والدین عدم تحفظ کا شکار ہیں لہٰذا پنجاب حکومت کی جانب سے مؤثر سیکیورٹی فراہم کرنے تک اسکول نہیں کھولے جائیں گے۔وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود نے نجی اسکول ماکان کو آج مذاکرات کے لیے طلب کرلیا ہے جب کہ ان کا کہنا ہے کہ صوبے بھرمیں یکم فروری سے باقاعدہ اسکول کھولے جائیں گے، اسکول سیکیورٹی کی وجہ سے بند نہیں کیے تھے، حکومت نے تمام اسکولوں کو ایس او پی جاری کیا تھا اور پنجاب حکومت اسکولز انتظامیہ کے ساتھ بھی تعاون کررہی ہے۔ دوسری جانب لاہور پولیس نے شہر بھر میں اے اور اے پلس کیٹیگری کے اسکولز گارڈز کی تربیت شروع کردی ہے۔ نمائندہ ایکسپریس نیوز کےمطابق ایلیٹ فورس کے جوانوں نے اسکول گارڈز کو اسلحہ چلانے کی تربیت دی اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ریسکیو کی بھی تربیت دی گئی۔ واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے صوبے بھر کے اسکولوں کو بند کرنے کا حکم دیا تھا جب کہ اس کی وجہ سردی بتائی گئی تھی تاہم سیکیورٹی اداروں کی جانب سے اسکولوں پر حملے کا سیکیورٹی الرٹ جاری کیا تھا جس کے بعد ملک بھر میں گیریژن اور آرمی کے زیر انتظام چلنے والے اسکولوں کو بھی بند کردیا گیا تھا۔