اسلام آباد(نیوزڈیسک)سندھ کے سابق وزیر داخلہ ذوالفقار مرزا نے کہا ہے کہ عزیر بلوچ کو آج بھی اپنا بھائی سمجھتا ہوں‘ اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ وہ زندہ ہے ‘ چوہدری نثار ایمانداری سے کام کر رہے ہیں۔ وہ ہفتہ کو صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔ گینگ وار سرغنہ کی گرفتاری کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ذوالفقار مرزا نے کہا کہ امید ہے کہ عزیر بلوچ کی گرفتاری بیرون ملک سے مزید رہنماﺅں کی واپسی کا سبب بنے گی۔ بہت سے لوگوں کے گرد گھیرا تنگ ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ عزیر بلوچ کو بھائی سمجھتا ہوں اور اللہ کا شکر ہے کہ وہ زندہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ وفاقی و زیر داخلہ چودھری نثار اپنا کام ایمانداری سے کر رہے ہیں لیکن ان کو ان کی ڈیوٹی کرنے سے روکا جا رہا ہے۔ امن کمیٹی میں نے نہیں بنائی ہمیں ورثے میں ملی تھی۔ اگر بنائی ہوتی تو قبول کرنے میں کوئی ڈر نہیں تھا۔