لاہور (نیوزڈیسک) آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اونر ز فیڈریشن کے صدر کاشف مرزا نے کہا ہے کہ اگر پرائیویٹ سکولو ں کو سرکاری سیکیورٹی نہ دی گئی تو ادارے غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیں گے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبائی دارلحکومت لاہور میں آل پاکستان پرائیوٹ سکولز فیڈریشن کا اجلاس ہوا جس میں تعلیمی اداروں کی انتظامیہ پر مقدمات درج کرنے کے خلاف احتجاج کیا گیا ۔ اس موقع پر صدرآل پاکستان پرائیوٹ سکولز فیڈریشن کاشف مرزا کا کہنا تھا کہ حکومت ہمیں سرکاری سیکیورٹی دینے کی بجائے پرائیویٹ سیکیورٹی گارڈز رکھنے کا کہہ رہی ہے جبکہ پرائیویٹ سیکیورٹی ایجنسیز نے مزدوروں کو اسلحہ پکڑا کر انہیں گارڈ بھرتی کر رکھا ہے ایسے حالات میں سکولوں کو سیکیورٹی کو کیسے ممکن بنایا جا سکتا ہے ۔انہوں نے حکومت کو ایک دن کی مہلت دیتے ہوئے کہا کہ تمام سکولوں کو سرکاری سیکیورٹی فراہم کی جائے ورنہ ہم سکول غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیں گے اور اگر کوئی بھی ممبر سکول کھولے گا تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔