اسلام آباد(نیوز ڈیسک)سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ملازمت میں توسیع نہ لینے کا عظیم فیصلہ کیا ہے،فوج کی عزت بڑھے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز آئی ایس پی آر کے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی ملازمت میں توسیع نہ لینے کے بیان کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نواز شریف خوش ہوئے ہوں گے کیونکہ وہ خود بھی آرمی چیف کو توسیع نہیں دینا چاہتے ۔ انہوں نے کہاآرمی چیف کے فیصلے کی حمایت کرتا ہوں، میں نے تو پہلے ہی کہا تھا کہ میں جس راحیل شریف کو جانتا ہوں وہ کبھی توسیع لینے کا سوچ بھی نہیں سکتے۔انہوں نے کہا کہ جنرل راحیل شریف کے جانے سے ملک کو فرق تو ضرور پڑسکتا ہے مگر وہ شہیدوں کے ایک عظیم خاندان سے تعلق رکھتے ہیں اس لیے ایسا کوئی فیصلہ نہیں کریں گے جس سے آرمی کی عزت پر کوئی حرف آئے۔