لاہور( نیوزڈیسک) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے وفاقی وزیر پیٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی کو ایل این جی معاہدے پر مناظرے کا چیلنج دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر غلط ثابت نہ کر سکا تو اسمبلی رکنیت اور سیاست چھوڑ دوں گا۔ شیخ رشید احمد نے یہ چیلنج نجی ٹی وی کے پروگرام میںدیا ۔شیخ رشید نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی ٹی وی پر میرے ساتھ بیٹھ جائیں ۔ ایل این جی کامعاہدہ مشکوک ہے اور میں اسے ثابت کروں گا ۔ اگر ایسا نہ کر سکا تو اسمبلی رکنیت چھوڑ دوں گا بلکہ اگر کہا گیا تو سیاست بھی چھوڑ دوں گا۔انہوںنے مزید کہا کہ میںمردہ قبرستان میں اذانیں دے رہا ہوں لیکن میں اس انتظار میں بھی شاید قوم جاگ جائے ۔ اسمبلی میں عمران خان کے سوا ساری اپوزیشن دو نمبر ہے ۔ انہوںنے کہا کہ پنجاب میں کیوں دہشتگردوں اور کرپٹ افراد کے خلاف آپریشن نہیں ہو رہا ؟۔ پنجاب کے بلدیاتی انتخابات میں ایسے افراد بھی منتخب ہوئے ہیںجن پر سنگین کیسز درج ہیں ۔ پنجاب کے حکمران صرف میری وجہ سے میرے علاقے کے لوگوںکوسزا دے رہے ہیں ۔ منصوبے مکمل ہیں لیکن انہیں فنکشنل نہیں کیا جارہا ۔ انہوں نے کہاکہ پانچ خاندان اور ان کے بچے ملک کی تباہی کا موجب ہیں لیکن ان کے آخری اوور چل ہیں ۔انہوں نے کہا کہ وہ وقت بھی آنے والا ہے کہ غریب شوق سے جیل جائے گا کیونکہ اسے پتہ ہے کہ جیل میں دو وقت کی روٹی تو اپنے مقررہ وقت پر مل جاتی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو جانتا ہوں وہ کبھی بھی توسیع نہیں لیں گے او ر میں نواز شریف کو بھی جانتا ہوں وہ کبھی توسیع نہیں دیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ میں یہ کہہ سکتا ہوں کہ پرویز مشرف کرپٹ انسان نہیں تھا اور اگر کرپشن ثابت ہو جائے تو شاید میں غلطی پر ہوں گا۔ مجھے ایک دن صہبا مشرف نے بتایا کہ ان کی بیٹی ہر ہفتے ریل کار سے آتی ہے حالانکہ وہ چارٹرڈ طیارے سے بھی آ سکتی تھی ۔ انہوں نے پرویزمشرف کو کسی کیس میں سزا ہونے کے سوال کے جواب میں کہا کہ مشرف کو کسی کیس میں سزا نہیں ہو گی لیکن اتنا ضرور ہے کہ فوج ان کی سیاست کا بوجھ نہیں اٹھائے گی۔