کراچی(نیوز ڈیسک) کالی وردی والوں کے کالے کرتوت پھر عیاں ہونے لگے۔ شہر قائد میں پولیس گردی اپنے عروج پر پہنچ گئی، ڈیفنس میں ٹرک ڈرائیور اور کلینر کو مبینہ طور پر رشوت نہ دینے پر تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ پولیس نے ہوائی فائرنگ کر کے ٹرک کے شیشے توڑ دئیے۔پولیس کا ایک اور کارنامہ سامنے آ گیا۔ ڈیفنس کے علاقے میں بوٹ بیسن کے قریب پولیس نے ٹرک ڈرائیور محمود اور کلینر دلشاد کو 500 روپے نہ دینے پر تشدد کا نشانہ بنایا۔ ڈرائیور نے الزم عائد کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے ان سے پیسے مانگے، نہ دینے پرتشدد کیا اور ٹرک میں بیٹھ کر ہوائی فائرنگ کر کے شیشہ توڑ دیا۔ڈیفنس پولیس نے ملوث اہلکاروں کو تھانے سے فرار کرا کر مدعی سے صرف درخواست لے لی۔ ٹرک مالک کا کہنا تھا کہ اگر مقدمہ درج نہ کیا گیا تو سڑک بند کر کے احتجاج کریں گے۔ٹرک مالکان کا کہنا تھا کہ پولیس کی جانب سے روزانہ فی ٹرک رشوت وصول کی جاتی ہے، انکار پر پولیس ٹرک تحویل میں لیکر بھاری رشوت طلب کرتی ہے یا تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔