لاہور(نیوزڈیسک) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے صوبہ بھر میں سیکورٹی کے فول پروف انتظامات مزید سخت کئے جائیں ،پولیس امن عامہ کی فضا برقرار رکھنے کے لئے ہر ممکن اقدام اٹھائے،صوبے میں قانون کی عملداری کو ہرقیمت پر یقینی بنایا جائے،سال نو کی آمد کے پیش نظر فول پروف سیکورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں اورہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے ۔وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے یہ ہدایات یہاں ویڈیولنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دیں ۔اجلاس کے دوران صوبے میں امن عامہ کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔وزیر اعلی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امن عامہ کی فضا برقرار رکھنے کے لئے پولیس جانفشانی اور تندہی سے فرائض سرانجام دے ۔قانون ہاتھ میں لینے والے عناصرکے خلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔صوبائی وزیر قانون رانا ثناءاللہ ، معاون خصوصی رانا مقبول احمد، چیف سیکرٹری خضرحیات گوندل ، انسپکٹر جنرل پولیس، سیکرٹری داخلہ اور متعلقہ حکام سول سیکرٹریٹ سے ویڈیولنک کے ذریعے اجلا س میں شریک ہوئے۔