اسلام آباد(این این آئی)جرمن میڈیانے کہاہے کہ پاکستان کے بھارت کے ساتھ تعلقات استوارکرنے میںپاک فوج بھی ساتھ ہے،جنرل جنجوعہ پاکستان کی خارجہ پالیسی میں سول اور فوجی قیادت کے مابین ایک پ±ل کا کام کر رہے ہیں،جنرل راحیل شریف بھی پاکستان اوربھارت کے درمیان اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں، پاکستان کی خارجہ پالیسی میں بھارت کے ساتھ مذاکرات کی بحالی ایک اہم پیشرفت ہے تاہم یہ راہ فوج کی مداخلت کے باعث ہموار ہوئی ہے، جرمن میڈیاکی رپورٹ کے مطابق بھارتی وزیر اعظم نریندرا مودی کا پاکستان کا اچانک دورہ کرنا ایک خوش آئند پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے، مودی کے اس اقدام کو دونوں ممالک کے مابین تعلقات میں بہتری کی طرف ایک اہم قدم بھی قرار دیا جا رہا ہے،رپورٹ کے مطابق پاکستان اور بھارت کے مابین اچانک اس طرح روابط کیوں کر استوار ہوئے، اس بارے میں مختلف آراءپیش کی جا رہی ہیں تاہم اس تناظر میں پاکستان کے نئے مشیر برائے قومی سلامتی جنرل (ریٹائرڈ) ناصرخان جنجوعہ کا کردار اہم تصور کیا جا رہا ہے، کہا جا رہا ہے کہ جنرل جنجوعہ پاکستان کی خارجہ پالیسی میں سول اور فوجی قیادت کے مابین ایک پ±ل کا کام کر رہے ہیں،پاک بھارت تعلقات کے حوالے سے ایک پاکستانی سفارتکار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایاکہ اس مرتبہ پاکستانی حکومت کا بھارت کے ساتھ نیا رابطہ کچھ مختلف ہے، کیونکہ اس مرتبہ ملکی فوج بھی ساتھ ہے،بھارتی وزیر اعظم کے دورے سے قبل انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ فوجی سربراہ جنرل راحیل شریف سول حکومت کے ساتھ ہیں،جنرل راحیل شریف اور قومی سلامتی کے نئے مشیر جنرل ناصرخان جنجوعہ کے قریبی تعلقات ہیں، جنرل جنجوعہ نے اکتوبر میں ہی سرتاج عزیز کی جگہ یہ عہدہ سنبھالا تھا۔بھارت کے ایک اعلیٰ اہلکار نے بھی پاکستان کے ساتھ مذاکرات کے اس نئے دور میں پاکستانی فوج کی مداخلت کا اہم قرار دیا ہے، انہوں نے کہا کہ جنرل جنجوعہ کو قومی سلامتی کے مشیر کے طور پر تعینات کیا جانا اور بھارت کے ساتھ امن مذاکرات میں ان کا کردار اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ پاکستانی فوجی کے سربراہ جنرل راحیل شریف بھی امن مذاکرات کی بحالی چاہتے ہیں۔