لاہور( این این آئی )صوبائی دارالحکومت میں مبینہ اجتماعی زیادتی کا شکار ہونے والی 15سالہ لڑکی کاکیس نیا رخ اختیارکر گیا،لڑکی کوماڈل بننے کا شوق تھا اورمرکزی ملزم اسے ماڈل بنانے کا جھانسہ دے کر ہوٹل لایا تھا ،پولیس کی تین ٹیمیں تاحال مرکزی ملزم کو گرفتار نہ کر سکیں۔پولیس ذرائع کے حوالے سے بتایاگیا ہے کہ15ساللہ طالبہ کو ماڈل بننے کاشوق تھا اورمرکزی ملزم عدنان ثنااللہ نے اسے ماڈل بنانے کاجھانسہ دے کر مراسم استوار کئے،ملزم عدنان پہلے بھی ایسی وارداتیں کر چکا ہے،وہ اعلی شخصیات کے ساتھ تصاویر دکھا کر بھی لڑکیوں پر رعب جھاڑتا تھا۔ذرائع کے مطابق عدنان کئی اسٹیج ڈرامے پر بھی پروڈیوس کر چکا ہے اور اکثر شراب کے نشے میں دھت ہو کر مختلف تھیٹرز میںموجود پایاجاتا ہے ۔پولیس کی طرف سے تشکیل دی جانے والی تین ٹیمیں تاحال مرکزی ملزم کو گرفتار نہیںکر سکیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے بتایاکہ مرکزی ملزم کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں،حراست میں لیے گئے ملزموں کاڈی این اے ٹیسٹ بھی طالبہ کے ڈی این اے سے میچ کرایا جائےگاتاکہ کسی بےگناہ کو ملوث ہونے سے بچایاجا سکے ۔