لاہور(نیوزڈیسک )صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہوداحمد خاں نے کہا ہے کہ ان کا ہوٹل میں لڑکی سے زیادتی کے ملزم میاں عدنان سے کسی قسم کا کوئی تعلق نہیں ہے۔اپنے ایک بیان میں رانا مشہوداحمد خاں نے کہا کہ سیاسی سرگرمیوں کے دوران ہر قسم کے لوگوں سے واسطہ پڑتا ہے لیکن اس کا ہر گزیہ مطلب نہیں کہ ہم کسی کے ذاتی فعل کے ذمہ دار ہیں۔میاں عدنان اپنے اعمال کا خود ذمہ دار ہے اور اسے اس جرم کی قانون کے مطابق ضرورسخت سزا ملنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن کے سلسلے میں میاں عدنان نے یوسی94 کے چیئرمین کے لئے ٹکٹ کی درخواست دی تھی لیکن اس کے مجرمانہ ماضی اور غیر ذمہ دارانہ رویہ کو دیکھتے ہوئے اس کی درخواست مسترد کر دی گئی تھی اور اس کا مسلم لیگ (ن) سے کسی بھی قسم کا تعلق ختم ہو گیا تھا۔رانا مشہود احمد دخاں نے کہا کہ ہم سیاسی لوگ ہیں ۔روزانہ سینکڑوں افراد سے واسطہ پڑتا ہے لیکن اس سیاسی وسماجی میل ملاپ اور تصاویر سے یہ نتیجہ نکالنا قطعا غلط ہو گا کہ ہم کسی کے قول وفعل کے ذمہ دار ہیں۔ملزم میاں عدنا ن سے سنگین جرم کیا ہے۔پولیس آزادانہ طور پر اس کیس کی تفتیش کررہی ہے اور پنجاب حکومت اس امر کو یقینی بنائے گی کہ مجرم جلد از جلد کااپنے کئے کی سزا پاکر انجام کو پہنچے۔