لاہور(نیوزڈیسک)وزیر اعظم محمد نوازشریف کی نواسی ، کیپٹن (ر) محمد صفدر اور مریم نواز کی صاحبزادی مہرالنساء پیا گھر سدھار گئیں ، شادی کی تقریب میں وزیر اعظم نواز شریف،وزیرا علیٰ شہباز شریف ،وزیر اعظم کے صاحبزادوں حسن نواز ،حسین نواز ، وزیر اعلیٰ کے صاحبزادوں حمزہ شہباز ،سلمان شہباز ، وزیر اعظم کے سمدھی اسحاق ڈار سمیت خاندان کے دیگر افراد نے شرکت کی ۔ بارا ت کی آمد پر وزیر اعظم محمد نواز شریف اور وزیر اعلیٰ شہباز شریف سمیت خاندان کے دیگر افراد نے استقبال کیا ۔ ذرائع کے مطابق مہمانوں کے لئے قورمہ ، بریانی اور میٹھے میں پیٹھے کا حلوہ بنایا گیا ۔ بتایا گیا ہے کہ کھانا بنانے کے لئے شہر کے معروف خانسانوں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ مہمانوں کے ساتھ آنے والے ڈرائیورز ، سکیورٹی گارڈز اور گھریلو ملازمین کے لئے الگ سے اسی معیار کے کھانے کا انتظامات کیا گیا ۔وزیر اعظم کی نواسی کی شادی کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے تھے اور پولیس کی بھار ی نفری تعینات تھی جبکہ اطراف میں بھی پیٹرولنگ کی جاتی رہی ۔ شادی کی رسومات کی ادائیگی کے بعد دلہا راحیل منیر اپنی دلہن مہر النساء کو لے کر روانہ ہو گئے ۔ بارات کی روانگی کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے تھے۔