کراچی(نیوزڈیسک)کراچی میں وی آئی پی پروٹوکول میں پھنس کرجاں بحق ہونے والی بچی بسمہ کے والد کا بیان ضلعی انتظامیہ نے ریکارڈ کر لیا ۔ بیان کے مطابق بچی اسپتال لےجانے کے 20منٹ بعد جاں بحق ہوگئی تھی۔بلال بھٹو زرداری کے وی وی آئی پی پروٹوکول کی نذر ہونے والی بچی بسمہ کے والد فیصل نے ضلعی انتظامیہ کو بیان ریکارڈ کرادیا ہے، ذرائع کے مطابق فیصل نے بیان دیا ہے کہ بسمہ کو خسرہ کی بیماری تھی ۔ طبیعت بگڑنے پر وہ اسے سول اسپتال لے کر گیا، پہلےوفاقی اردو یونیورسٹی کی جانب سے جانے کی کوشش کی تاہم راستہ بند تھا، جس کے بعد سڑک پار کر کے جانے کی کوشش کی تو پولیس کے ایک سب انسپکٹر نے روک دیا، سیکیورٹی اہلکاروں کی منت سماجت کے بعد اُسے سول اسپتال جانے دیا گیا، ڈاکٹرز نے بسمہ کو طبی امداد دی لیکن صرف 20 منٹ بعد ہی انھوں نے جواب دے دیا۔ فیصل کے بیان کے مطابق ڈاکٹرز نے کہا کہ اسپتال لانے میں 15سے20منٹ تاخیر ہوئی۔ ذرائع مزید بتاتے ہیں کہ فیصل اور اس کے اہلخانہ کے مطابق ہم کسی قسم کی سیاست میں نہیں پڑنا چاہتے۔ ذرائع مزید بتاتے ہیں کہ بسمہ کا والد فیصل فشریز میں ٹھیکیدار کے پاس کام کرتا ہے اور مڈل پاس ہے۔وزیر اعلی سندھ نے ملاقات کے دوران اسے نوکری دینے کا وعدہ کیا ہے اور ضلعی انتظامیہ بسمہ کے سوئم کے بعد اس سے رابطہ کرے گی تاہم حکومت سندھ نے بچی کے ورثا کے لیے تاحال معاوضے کا اعلان نہیں کیا ہے