لاہور (نیوزڈیسک) وزیراعظم نوازشریف کی نواسی اور مریم نواز کی بڑی صاحبزادی مہرالنساءصفدرکی رسم حنا آج 25 دسمبرکو جاتی عمرہ رائے ونڈمیں منعقد ہوگی جس میں خاتون اول بیگم کلثوم نواز، مریم نوازکے علاوہ صرف قریبی عزیز و اقارب شرکت کریں گے۔ رسم حنا میں دلہن اور انکی سہیلیاں پیلے جوڑے زیب تن کریںگی، رشتہ دار خواتین دلہن کو مہندی لگائیں گی اور پھولوںکے زیورات سے سجائیںگی۔ لڑکیاں ڈھولک کی تھاپ پر سہاگ کے گیت گائیںگی۔ وزیراعظم کی رہائشگاہ کو برقی قمقموں اور پھولوں سے سجایا گیا ہے۔ 26 دسمبر کو شادی کے روز دلہن سرخ لہنگا پہنیں گی جسے کراچی کے ایک ممتاز فیشن ڈیزائنر نے تیار کیا ہے جبکہ بعض عروسی ملبوسات لاہورکی دو ڈیزائنر بہنوں نے تیار کیے ہیں۔ وزیراعظم کی والدہ بیگم شمیم شریف دیگر اہلخانہ کے ہمراہ دلہن کو اپنی دعاوںکے سائے میں رخصت کرینگی۔ ولیمے کی تقریب 27 دسمبر کو دولہا کے والد کے فارم ہاوس پر منعقد ہو گی جبکہ ولیمے کی دوسری تقریب 3جنوری 2016ءکو دولہا راحیل منیرکے آبائی شہر رحیم یارخان میں منعقد ہو گی۔ تمام تقریبات سادگی سے منعقد کی جائیں گی