کراچی(نیوزڈیسک) رینجرز کے اختیارات،سندھ اور وفاق میں ٹھن گئی،سندھ حکومت کا جوابی اقدام،رینجرز کے اختیارات کے معاملے پر سندھ اور وفاقی حکومت کے درمیان کشیدہ تاحال برقرار ہے اور صوبائی وزارت داخلہ نے رینجرز کو اختیارات دینے کے معاملے پر وفاقی وزارت داخلہ کو جوابی خط بھی لکھ دیا ہے۔مشیر قانون سندھ مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے محکمہ داخلہ نے وفاقی وزارت داخلہ کو ایک خط لکھا ہے جس میں وفاق سے رینجرز کو دیئے گئے اختیارات واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ صوبائی مشیر مشیر قانون کا کہنا ہے کہ 18 ویں ترمیم کے بعد آئین کے آرٹیکل 147 کے اختیارات صوبوں کو اختیارات حاصل ہیں۔محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے وفاق کو لکھے گئے خط میں مزید کہا گیا ہے کہ وفاق نے رینجرز کو اختیارات دے کر صوبائی خود مختاری میں مداخلت کی ہے، رینجرز کو اختیارات دینے کا وفاق کا اقدام سندھ حکومت اور اسمبلی کے خلاف کارروائی ہے۔واضح رہے کہ سندھ میں رینجرز کے اختیارات 6 دسمبر کو ختم ہو گئے تھے لیکن صوبائی حکومت کی جانب سے رینجرز کے اختیارات کے معاملے کو 2 ہفتے بعد سندھ اسمبلی سے منظور کرا کے رینجرز کے اختیارات کو محدود کردیا تھا۔ سندھ حکومت کی جانب سے رینجرز کے اختیارات کے حوالے سے سمری وفاق کو بھیجی تھی جسے وزارت داخلہ نے مسترد کرتے ہوئے رینجرز کے تمام اختیارات واپس بحال کر دیئے تھے۔