کراچی(نیوزڈیسک) گزشتہ روز بلاول بھٹو زرداری کے پروٹوکول کے باعث بچی کی ہلاکت پر بھی سندھ حکومت کو ہوش نہ آیا۔ آج قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کے بیٹے کی شادی پر پولیس کی جانب سے وی آئی پی پروٹوکول دیا جا رہا ہے۔ سپیشل برانچ اور ایس ایس یو کے کمانڈوز شادی کی تقریب کو تحفظ فراہم کرنے پہنچ گئے ہیں جبکہ پولیس کی بھاری نفری پروٹوکول کے نام پر تعینات ہے۔ کلفٹن میں ہوٹل کے اطراف کی شاہراہیں ٹریفک کے لئے بند ہونے سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ گزشتہ روز پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وی آئی پی پروٹورک کے باعث دس ماہ کی بچی بسمہ کا انتقال ہو گیا تھا۔ اس دل دہلا دینے والے واقعے کے بعد بھی لگتا ہے کہ سندھ حکومت نے ہوش کے ناخن نہیں لئے ہیں۔