کراچی(نیوزڈیسک) شہرقائد کے نامز د میئراور ایم کیوایم کے رہنماءوسیم اختر کے خلاف درج مختلف مقدمات اور گرفتاریوں کے احکامات کے پیش نظر معروف سکالر اور ٹی وی اینکر ڈاکٹر عامر لیاقت کو میئربنانے کے لیے کاوشیں شروع ہوگئی ہیں اور ڈاکٹر عامر لیاقت کو میئرکراچی بنانے کے لیے کسی حدتک وفاقی حکومت بھی راضی ہے تاہم اس ضمن میں ڈاکٹرعامر لیاقت سے کسی رابطے کی تاحال تصدیق نہیں ہوسکی تاہم خاص حلقوں نے اس ضمن میں تگ ودو شروع کردی ہے ۔ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگوکرتے ہوئے سینئر صحافی نصرت جاوید نے بتایاکہ ڈاکٹر عاصم پر ٹیلی فونک سفارشات پر علاج کا الزام ہے اورٹیلی فون کرنیوالوں میں سے ایک نام وسیم اختر کا بھی ہے ، عدالت نے فیصلہ دیاکہ بظاہرڈاکٹر عاصم پر دہشتگردوں کی معاونت کے الزا م میں کچھ وزن ہے اور اس کے لیے مزید تحقیقات کی ضرورت ہے ، کل ہی وسیم اختر میئرآف کراچی کے طورپر انٹرویو دے رہے تھے ، یہ کیسے ممکن ہے کہ ایک آدمی جس نے سہولت فراہم کی ، وہ قید ہوجبکہ ٹیلی فون کرنیوالے شہر کے میئرہوں ،ایم کیویم جیسی تجربہ کار پارٹی کو یہ بات اچھی طرح معلوم ہے ۔اُنہوں نے انکشاف کیاکہ اعلیٰ حلقوں میں ایسی کہانیاں گردش کررہی ہیں کہ الطاف حسین نے میئرآف کراچی کیلئے پہلے سے ہی ایک اور شخصیت کو دل میں بٹھارکھاہے لیکن وقتی طورپر خوش کرنے کے لیے وسیم اختر کو آگے کردیا۔دوسری طرف اسلام آباد میں کراچی کی گیم لگانے والے لوگ اپنی کاوشیں جاری رکھے ہوئے ہیں ، وزیراعظم نوازشریف تک پہنچ رکھنے والی ایک شخصیت سمیت دوافراد نے تجویز دی کہ ہردلعزیز ٹی وی سے وابستہ شخصیت سے کسی طرح رابطہ کرلیں ، ایک تو یہ ہوگاکہ پی ٹی آئی کا کراچی میں میئرنہیں بننے دیا اور اسی رٹ پر وہ شخصیات بدستور قائم ہیں ۔ نصرت جاوید نے بتایاکہ میئرکراچی کے مبینہ امیدوار اتنے مقبول ہیں کہ ان کی کوئی ایک دو نشانیاں ہی دے دوں تو لوگ پہنچ جائیں گے ، ہم سب کے بھائی ہیں ، دین کا بہت فروغ کرتے ہیں اور نیکی کی باتیں پھیلاتے ہیں ، چونکہ کچھ عرصہ قبل ان کی پی ٹی آئی کیساتھ تلخی بھی رہی ہے تو کہا جاسکتاہے کہ یہ تو آپ میں سے تھے اور مخصوص حلقوں کی بڑی خواہش ہے کہ اُنہیں اس بات پر قائل کرلیاجائے تاہم ابھی اس ضمن میں کوئی تصدیق نہیں ہوسکی کہ کوئی رابطہ ہواہے یا نہیں ، وہ مانیں گے یانہیں لیکن ایک بات ہے کہ فرض کریں کہ کسی کو بھی کہاجائے کہ وقت کا تقاضا ہے ،آگے بڑھیں اور ملک کی خدمت کریں تو شاید انکار نہ کرسکیں۔یادرہے کہ کچھ عرصہ قبل ڈاکٹر عامر لیاقت کی ایم کیوایم میں شمولیت کی خبریں بھی گردش کرتی رہیں جبکہ گزشتہ دنوں رات کے وقت ڈاکٹرعامر لیاقت نے نائن زیروکا دورہ بھی کیاتھا۔