اسلام آباد / کراچی(نیوزڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے وی آئی پی پروٹوکول کی نظر ہونے والی 9 ماہ کی بچی بسمہ کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ بلاول کے پروٹوکول کی وجہ سے بچی کی جان گئی‘ بلاول کے پروٹوکول پر بچی کی موت ناقابل معافی ہے۔ بدھ کے روز تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپنے ٹوئیٹ میں کراچی کے سول ہسپتال میں بے نظیر ٹراما سینٹر کے افتتاح کے دوران بلاول بھٹو زرداری اور قائم علی شاہ کے وی آئی پی پروٹوکول کی وجہ سے بیمار بچی کے انتقال پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بدقسمتی سے بلاول کے پروٹوکول سے بچی کی جان گئی ہے۔ بلاول کے پروٹوکول پر بچی کی موت ناقابل معافی ہے۔ وی آئی پی کلچر کی مذمت کرتا ہوں۔ پی ٹی آئی رہنماء شفقت محمود نے کہا کہ وی آئی پی پروٹوکول کو حکمران اپنا وطیرہ سمجھ کر خوش ہوتے ہیں ماڈل ٹاؤن میں بھی سڑکوں کو عوام کیلئے بند کردیا گیا ہے۔ ایسے واقعات پہلے بھی کئی مرتبہ ہوچکے ہیں لیکن حکمرانوں کو سبق نہیں ملتا۔ پی ٹی آئی رہنماء عمران اسماعیل نے کراچی کے سول ہسپتال پہنچ کر 9 ماہ کی بچی بسمہ کے والد فیصل سے اظہار افسوس کیا اور کہا کہ بلاول کو خود آکر بچی کے باپ سے معافی مانگنی چاہیے اگر بلاول کو عوام کے پاس آنے سے ڈر لگتا ہے تو پھر نہیں گھر میں بیٹھنا چاہیے کیونکہ ہمیں اپنے بچے عزیز ہیں دنیا میں ایسا پروٹوکول کہیں بھی نہیں ہے آخر سیاست دان کس منہ سے غریب عوام کے پاس ووٹ مانگنے کیلئے جاتے ہیں جبکہ ان کو عوام کے دکھ درد کا احساس ہی نہیں ہے۔ پی ٹی آئی رہنماء فیصل واڈا نے بھی غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چیف جسٹس سپریم کورٹ واقعے کا فوری طور پر نوٹس لیں ۔ سکیورٹی کے نام پر عوام کو محسور کرنا قابل قبول نہیں ایسے لیڈر کو سڑک پر کھڑا کرکے کوڑے مارنے چاہیں بچی کے ساتھ نا انصافی ہوئی ہے۔ ورثاء کے ساتھ کھڑے ہیں۔