اسلام آباد (نیوزڈیسک) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بدھ کو سندھ اسمبلی کے سپیکر آغا سراج درانی کی دعوت پر صوبائی اسمبلی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی اور سپیکر سندھ اسمبلی کے درمیان ملاقات میں دونوں قانون ساز اداروں کے مابین باہمی تعاون کے فروغ اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ دونوں قانون ساز اداروں کے درمیان روابط کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ سپیکر نے کہا کہ وہ صوبائی اسمبلیوں کو ہر قسم کی تحقیقی و تکنیکی معاونت فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں۔ اس موقع پر سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا شکریہ ادا کیا ا ور ان کی طرف سے قومی اسمبلی اور سندھ اسمبلی کے درمیان قانون سازی اور دیگر امور کے حوالہ سے روابط کو فروغ دینے اور ہر قسم کی تکنیکی معاونت فراہم کرنے کے جذبات کو سراہا۔