اسلام آباد (نیوزڈیسک)اسلام آباد میں تعینات چین کے سفارتخانے کے ناظم الامور اور قائم مقام سفیر چاﺅلی جیان نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی مقامی حکومتوں کے درمیان رابطوں کو بڑھا کر دونوں ممالک کے عوام کے مستقبل کو مزید روشن بنایا جا سکتا ہے۔ منگل کو یہاں منعقد ہونے والے کاروباری و سرمایہ کاری سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چینی حکومت مقامی حکومتوں کو بیرون ملک رابطوں کے فروغ کیلئے ہر طرح کی ممکنہ معاونت فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی صوبائی حکومتوں کو چاہئے کہ وہ چین کی مقامی حکومتوں سے رابطوں کو بڑھائیں جس سے معاشی و اقتصادی رابطے مزید مستحکم ہونگے۔ چاﺅلی جیان نے کہا کہ چینی صدر شی جن پنگ کے حالیہ دورہ پاکستان سے باہمی رابطوں میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے اور چین پاکستان اقتصادی راہداری کے منصوبہ کو کامیاب اور مثالی بنانے کیلئے توانائی، ٹرانسپورٹ، بنیادی ڈھانچے، صنعت و تجارت سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی لازوال ہے اور گزشتہ روز لاہور میں اورنج لائن ٹرین کیلئے قرضے کی فراہمی کیلئے معاہدے پر دستخط کئے گئے ہیں جبکہ آج سیمینار کے موقع پر لاہور تا کراچی موٹروے منصوبے سمیت دیگر کئی منصوبوں میں باہمی تعاون کے حوالے سے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے جائیں گے جو ہماری لازوال دوستی کی درخشندہ مثال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں باہمی تعاون کو زراعت، فنانس اور میڈیا سمیت مختلف شعبوں کی ترقی کیلئے بڑھایا جائے گا جس سے دونوں ممالک کی معیشت پر خوشگوار اثرات مرتب ہونگے۔