لاہور(نیوزڈیسک)پنجاب میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122کے بعد اہمیت اختیار کرنے والے قومی اسمبلی کے حلقہ 154لودھراں میں ضمنی انتخاب کے لئے میدان آج ( بدھ ) کو لگے گا ،حلقے میں 20امیدوار میدان میں ہیں تاہم اصل مقابلہ مسلم لیگ (ن) کے صدیق بلوچ اور تحریک انصاف کے جہانگیر ترین کے درمیان ہوگا۔تفصیلات کے مطابق پنجاب کے ضمنی انتخابات میں اہمت اختیار کرنے والے حلقہ این اے 154لودھراں میں ضمنی انتخاب کے لئے میدان آج لگے گا جس کے لئے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ضمنی انتخاب میں4لاکھ 19ہزار 183سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کرینگے۔حلقے میں ووٹنگ کیلئے 330پولنگ اسٹیشنز اور 839پولنگ بوتھز قائم کئے گئے ہیں۔کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات بھی کر لئے گئے ہیں۔مسلم لیگ (ن) کے صدیق بلوچ،پاکستان تحریک انصاف کے جہانگیر ترین،عوامی تحریک کے عامر کوریجہ،جمعیت علمائے اسلام کے شفقت الرحمان سمیت بیس امیدوار ضمنی انتخاب کے لئے میدان میں ہیں تاہم اصل مقابلہ پی ٹی آئی اور (ن) لیگ کے درمیان ہوگا ۔دونوں جماعتوں کی طرف سے حلقے میں بھرپور انتخابی مہم چلائی گئی ہے اور دونوں کی اعلیٰ قیادت کی طرف سے پیشگی کامیابی کے دعوے بھی سامنے آئے ہیں۔