اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) کراچی کے نئے میئر وسیم اختر کیلئے نئی پریشانی، دہشت گردوں کے علاج کیلئے ڈاکٹر عاصم کو فون کرتے تھے۔ نجی ٹی وی چینل نے اپنے پروگرام میں ایف آئی آر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کراچی کے میئر وسیم اختر دہشت گردوں کے علا ج کیلئے ڈاکٹر عاصم کو فون کرتے تھے۔ اس کے جواب میں وسیم اختر نے کہا کہ یہ سیاسی انتقام ہے اور ان ایف آئی آر میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ ڈاکٹر عاصم میرے دوست ہیں ایک غریب آدمی کو کڈنی کے آپریشن میں ڈسکاﺅنٹ دلوانے کیلئے انہیں فون کیا تھا۔ وسیم اختر نے مزید کہا کہ میں نے کسی دہشت گرد کے آپریشن یا علا ج کیلئے فون نہیں کیا تھا۔ میں ایک عوامی آدمی ہوں اور لوگ مجھ سے اپنے علاج معالجے کیلئے ڈاکٹروں سے سفارش کرواتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح سیاسی انتقام کے نام پر ایف آئی آر کٹوا کر قانون کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں ایسا نہیں ہونا چاہئے۔ ایک سوال کے جواب میں کہ کیا ڈاکٹر عاصم کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے وہ صحیح ہے یا نہیں۔ اس پر وسیم اختر نے کہا کہ ڈاکٹرعاصم ایک ڈاکٹر بھی ہیں اور ایک ہسپتال کے مالک بھی ہیں وہ کوئی کریمنل نہیں ہیں جو انہیں ہاتھ میں ہتھکڑیاں اور آنکھوں پر پٹیاں باندھ کر پیش کیا جاتا ہے۔