راولپنڈی (آن لائن) بلدیاتی انتخابات میں کامیاب ہونے والے چیئرمین اور وائس چیئرمینوں نے راولپنڈی کے ان پولنگ سٹیشنوں کے قریبی علاقوں کی گیس کی سپلائی بند کرا دی ہے جس میں انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ یونین کونسل 21 دھوک کالا خان ، شمس آباد ، فیض آباد کی قریبی آبادی سمیت دیگر علاقوں میں گیس کا کئی دنوں سے بحران پیدا کیا گیا ہے جس کی وجہ سے عوام الناس پریشانی کا شکار ہیں ذرائع نے آن لائن کو بتایا ہے کہ ن لیگی بلدیاتی امیدواروں نے ناکامی کی وجہ سے بعض پولنگ اسٹیشنوں کے قریبی علاقوں کی گیس بند کروا دی ہے جس سے گھریلو خواتین پریشانی کا شکار ہیں سردی میں اضافے کی وجہ سے بھی بچوں میں نمونیا اور دوسری موسمی بیماریاں پھیل رہی ہیں علاقے کے مکینوں نے وزیر اعظم اور وزیر اعلی پنجاب سے اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے۔