کراچی (نیوزڈیسک)سابق وزیر داخلہ سندھ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے کہا ہے کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار میں مجھے ذوالفقار مرزا نظر آتا ہے ۔ وہ ایک سچے اور کھرے انسان ہیں۔ اس کے ہاتھ نہیں باندھے جا سکتے ۔ آصف زرداری کی ہار اور پاکستان آرمی کی جیت ہو گی ۔ رینجرز کو تحقیقات کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا ۔ وہ ہفتہ کو نجی ٹی وی سے گفتگو کررہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کوئی نہیں چلا رہا رزلٹ زیرو ہے ۔ ہر محکمہ میں کرپشن ہے جس کا 80 فیصد کمیشن آصف علی زرداری کو جاتا ہے ۔ ذوالفقار مرزا نے کہا کہ رینجرز کا قصور یہ ہے کہ انہوں نے سندھ کو ٹوٹنے سے بچایا ہے۔ رینجرز کو اب تحقیقات کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا کیونکہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت رینجرز کے پاس اختیارات ہیں سندھ رینجرز کسی شخص کو کسی بھی وقت حراست میں لے سکتی ہے ۔ذوالفقار مرزا نے کہا کہ خزانے سے اتنا کھایا گیا کہ اب حساب ہی نہیں ہو سکتا ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ وفاقی حکومت کی کمزوری ہے کہ لوگ ملک سے فرار ہوئے مجھے چوہدری نثار میں بھی ایک ذوالفقار مرزا نظر آتا ہے ۔ محب وطن ہیں ان کے ہاتھ نہیں باندھے جا سکتے۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کے لئے سب سے زیادہ قابل اعتماد مارک سیگل تھے کاش ذوالفقار بھٹو اوربے نظیر بھٹو آج زندہ ہوتے تو ان کے تربیت یافتہ لوگ آگے آتے۔ذوالفقار مرزا نے کہا کہ محترمہ بے نظیر کے سب سے قریب مارک سیگل تھے مگر عجیب بات ہے کہ انہوں د نے وصیت انہیں نہیں دی۔ محترمہ وصیت ناہید عباسی کو بھی دے سکتی تھیں مگر محترمہ بے نظیرکی وصیت سیتا نامی فلپائنی ملازمہ کو دی اور محترمہ کی شہادت کے بعد سیتا نے وصیت آصف زرداری کے حوالے کی ۔ انہوں نے کہا کہ عزیر بلوچ پیپلز پارٹی کے لوگوں کے ساتھ اٹھتا بیٹھتا رہا ہے ۔